ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نیشنل ہائی وے کے توسیعی کام کی رپورٹ 4دن میں پیش کرنے کی ہدایت

نیشنل ہائی وے کے توسیعی کام کی رپورٹ 4دن میں پیش کرنے کی ہدایت

Mon, 06 Feb 2017 11:18:02    S.O. News Service

اڈپی 5فروری (ایس او نیوز)اڈپی ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر پرمود مادھو راج نے پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ نیشنل ہائی وے ۶۶ کے توسیعی منصوبے کے تحت انجام دئے گئے کام کی تکمیل اور کوالٹی کے سلسلے میں چار دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرے۔اور تب تک ساستھان، ہیجماڈی اور گنڈمی کے علاقے میں ٹول وصولی نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹیز کی جانب سے یکم فروری کی رات سے ان تین علاقوں میں ٹول وصولی شروع کی جانے والی تھی، جس کے خلاف عوام نے یہ کہتے ہوئے احتجاج کیا تھا کہ توسیعی کام پورا نہیں ہوا ہے، اور عوام کوضروری سہولتیں ابھی دستیاب نہیں کی گئی ہیں اس لئے ٹول وصولی کرنے نہیں دیا جائے گا۔ دوسری طرف توسیعی منصوبے کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ ۹۰ فیصدی کام مکمل ہوگیا ہے اور انہیں ٹول وصول کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔

اس تنازعے پر غور وخوض کے لئے بلائی گئی میٹنگ میں اڈپی ضلع انچارج منسٹر پرمود مادھو راج نے تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ہائی وے کے کام کی تکمیل کے سلسلے میں اور ٹول وصول نہ کرنے کے عوامی مطالبے کے اندرشکوک و شبہات ہیں۔ اس موقع پر موجود نیشنل ہائی وے اتھاریٹیز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر (منگلورو) نے کہا کہ" سروس روڈ کا بقیہ کام جون کے مہینے تک مکمل کیا جائے گا۔اور ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ سروس روڈ کی تکمیل کے بغیر ٹول وصول نہ کیا جائے۔ جبکہ چارلین روڈ کا ۹۰ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔"ایسے حالات میں جبکہ مرکزی حکومت نے ٹول وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے تو پھر اسے روکنے کے پہلوؤں پر قانونی نقطۂ نظر سے بھی بحث کی گئی۔

جئے پرکاش ہیگڈے سابق رکن پارلیمان نے کہا اس منصوبے کے تحت سروس روڈ جیسی بعض بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی گئی ہیں۔جس سے خاص کر ساستھان کے علاقے میں جان لیوا حادثات بہت زیادہ ہوگئے ہیں۔ایم ایل اے ہالاڈی سرینواس نے منگلورو سے کنداپور تک ہائی وے پر ٹوائلیٹ نہ ہونے کا مسئلہ سامنے رکھا اور سورتکل اور ہیجماڈی کے درمیان ۱۲ سے ۱۵ کلو میٹر کے فاصلے کے اندر ۲ ٹول پلازہ ہونے کو نامناسب قراردیا۔شیلپا ناگ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ساستھان کے عوام نے ضد پکڑ رکھی ہے کہ جب تک گندے پانی کی نکاسی، بس اور لاریوں کے ٹھہرنے کی جگہ، اور ان کے دیگر مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ ٹول وصول کرنے نہیں دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر مسٹر ٹی وینکٹیش نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی اور ہدایات کو بدلنے کا اختیار ضلع انتظامیہ کو نہیں ہوتا۔ اس موقع پر وزیر مادھو راج نے ہائی وے اتھاریٹیز سے کہا کہ گزشتہ سال ماہ ستمبر میں توسیعی منصوبے سے متعلق لیے گئے فیصلوں پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے ٹریفک پولیس سے بھی کہا کہ ہیجماڈی اور ساستھان کے بیچ ہائی وے توسیعی منصوبے کی وجہ سے بڑھتے ہوئے جان لیوا حادثات اور اس کی روک تھام کے سلسلے میں ہائی وے اتھاریٹیز کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔


Share: